ناندیڑ:۶؍نومبر(اعتماد نیوز)شہر کے حیدرباغ علاقہ میں میونسپل کارپوریشن کی
جانب سے گروتاگدی کے دوران عالیشان دواخانہ تعمیر کیاگیاتھا ۔ بلدیہ کے
حیدرباغ دواخانہ میں فی الحال میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہی صبح کے وقت
او پی ڈی چلایا جاتا ہے ۔ دیگلور ناکہ اور اطراف کے لوگوں کی سہولت کیلئے
یہ عالیشان دواخانہ تعمیر کیاگیاتھا ۔ گزشتہ دنوں اعلان کیا گیاتھا کہ
بلدیہ کے اس دواخانہ کو سرکاری دواخانہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ بلدیہ کے
بجائے یہ دواخانہ سرکاری دواخانہ کے ماتحت چلا یا جائے گااور یہاں پر
سرکاری
ڈاکٹرس کی ٹیم ۲۴؍گھنٹے موجود رہیں گی ۔ ابھی تک میونسپل کارپوریشن
کے اس دواخانہ کو سرکاری دواخانہ میں تبدیل نہیں کیا گیا ہے علاقہ کے مریض
علاج کی غرض سے صبح کے وقت دواخانہ کا رخ کرتے ہیں ۔ حیدرباغ دواخانہ میں
ان دنوں آوارہ کتوں کی بہتات ہوچکی ہے ۔ دواخانہ کے دروازے کے روبرو کتوں
نے اپنا قبضہ جما رکھا ہے ۔ جس سے آنے جانے والے مریضوں کو کافی مشکلات پیش
آرہی ہیں ۔ اس کے علاوہ دواخانہ کے کھلے احاطہ میں بھی بڑی تعداد میں
آوارہ کتوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے اس دواخانہ کی
طرف بلدیہ حکام ان دیکھی کررہے ہیں ۔